پی ٹی آئی ریلی کے دوران رینجرز اہلکاروں کو کچلنے والا گرفتار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس افسوسناک واقعے میں رینجرز کے تین اہلکار شہید ہوئے اور تین شدید زخمی ہوئے۔ قبل ازیں چار رینجرز اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ سامنے آیا تھا، لیکن بعد میں سیکیورٹی ذرائع نے تین کی شہادت کی تصدیق کی۔
شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کی شناخت سپاہی گلفام خان، سپاہی شاہنواز اور نائیک محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب رینجرز کے جوان ناکہ پر تعینات ہو رہے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے دی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واقعہ 26 نومبر 2024 کی رات 2 بج کر 44 منٹ پر رونما ہوا۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ تیز رفتار گاڑی درخت کے عقب سے آتے ہوئے رینجرز اہلکاروں کو کچلتے ہوئے آگے نکل گئی۔
اس حوالے سے ایک طرف سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے شرپسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور واقعے میں ملوث شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
دوسری جانب نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے رینجرز اہلکاروں کو کچلنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ جس کی شناخت ہاشم ولد عاصم کے نام سے ہوئی جو کہ اسلام آباد کے علاقے ایف 10 کا رہائشی ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس نے شاہین چوک سے گاڑی قبضے میں لیکر تھانہ مارگلہ منتقل کر دی ہے۔