احتجاج ختم ہونے کے بعد اسلام آباد اور لاہور کی رونقیں بحال ہونا شروع، موٹرویز بھی کھل گئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ختم ہونے کے بعد اسلام آباد اور لاہور میں رونقیں بحال ہوگئی ہیں، سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے جبکہ موٹرویز بھی کھول دی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں احتجاج کی وجہ سے بند کیے گئے راستے کھنا شروع ہو گئے ہیں 26 نمبر چونگی سے دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا روات ٹی کراس سے بھی رکاوٹیں ہٹا ئی جارہی ہیں، کچھ دیر میں رکاوٹیں ہٹا کر مکمل ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
اسلام آباد میں گزشتہ رات کے آپریشن کے بعد ڈی چوک اور بلیو ایریا سے مظاہرین منتشر ہوگئے ہیں، ایکسپریس ہائی وے پر موجود مظاہرین کی گاڑیاں بھی غائب ہیں، اطلاعات کے مطابق، مظاہرین اپنی اپنی گاڑیوں میں واپس خیبرپختونخوا چلے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ہزاروں مظاہرین کے آنے سے جناح ایونیو، ایکسپریس ہائی وے، سری نگر ہائی وے پر گندگی اور کچرے کے ڈھیر تھے، تاہم اب شاہراہوں کی صفائی جاری ہے۔
لاہور میں بھی تمام راستے کھول دیے گئے ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک آ اور جاسکتی ہے، رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روز، گجومتہ ٹریفک کے لیے کھلے ہیں، اس کے علاوہ لاہور اسلام آباد، لاہور سیالکوٹ موٹروے، ایسٹرن بائی پاس بھی کھول دیا گیا، لاہور رنگ روڈ ٹریفک کے لیے کھلی ہے۔
حکام کے مطابق ایم ون موٹروے پر بھی جلد مکمل ٹریفک بحال ہو جائے گی، مرمت کے باعث موٹر وے کو بند کیا گیا تھا، ایم ون موٹر وے پشاور تا اسلام آباد کو مظاہرین نے پہلے ہی کھول دیا ہے۔