8 کارکنان قتل ہوئے، وزیراعظم و دیگر کیخلاف کارروائی کی جائے، پی ٹی آئی کا چیف جسٹس سے مطالبہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 8 کارکنوں کے قتل کے خلاف ازخود نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم، وزیرداخلہ اور اسلام آباد اور پنجاب کے انسپیکٹرز جنرل کے خلاف قتل عمد کی کارروائی کے احکامات جاری کریں۔
ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کارکنوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ نہتے، پرامن اور محبّ وطن شہریوں کے سفّاکانہ قتل اور آپریشن کے نام پر اسلام آباد میں پرامن احتجاج کے شرکا کے خلاف وحشت و بربریت کا مظاہرہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ مینڈیٹ چور فسطائیوں کی ایما پر سرکاری مشینری کی گولیوں سے درجنوں نہتے بے گناہ کارکنوں کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا جن میں سے 8 کے کوائف اب تک ہمارے پاس آ چکے ہیں، شہید ہونے والوں میں انیس شہزاد ستی، ملک مبین اورنگزیب، عبدالقادر، ملک صفدر علی، احمد ولی، محمد الیاس اور عبدالرشید شامل ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتّے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا، حکومتی بربریت اور دارالحکومت کو نہتے شہریوں کا مقتل بنانے کے حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر پرامن احتجاج کی فی الوقت منسوخی کا اعلان کیا گیا ہے۔
عمران خان کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومتی بربریت کی تفصیلات کے سیاسی اور کورکمیٹیز میں تجزیے کے بعد بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھنے اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق، پی ٹی آئی کوئی عسکری یا مسلح جماعت ہے اور نہ ہی اپنے عوام کو ریاستی قاتلوں کے ہاتھوں ذبح کروانے کی خود کو متحمّل سمجھتی ہے، پرامن احتجاج کے لیے تمام تر صعوبتیں، رکاوٹیں، تشدد، وحشیانہ بربریت برداشت کرکے ہمارے کارکن ڈی چوک پہنچے مگر اپنے شہریوں کی لاشوں کے انبار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو بھیڑ بکریاں سمجھنے والے درندوں کے لیے شہریوں کا قتل تفریح کا وسیلہ ہوسکتا ہے مگر تحریک انصاف پاکستان کے عوام، اس کے وسائل اور اس کے قومی مفاد کی نگہبان ہے جو پرامن سیاسی جدوجہد کی طویل تاریخ رکھتی ہے اور 24 نومبر سے آج تک لاشیں گرانے کے حکومتی منصوبے کی راہ روکتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اس سے پہلے ہر موقع پر پرامن احتجاج کو خون میں نہلانے کی ہر حکومتی کوشش کو ناکام بنایا، عمران خان اور پی ٹی آئی کی پوری سیاسی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں اور پرامن تاریخ سے عبارت ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ملک کے مختلف حصوں سے احتجاج میں شریک ہونے والے کارکنوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور قافلوں کی میزبانی پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔