بشریٰ بی بی اور گنڈاپور مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرینگے، کونسے اعلانات متوقع؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اسلام آباد سے فرار ہونے کے بعد مانسہرہ پہنچ گئے ہیں اور پریس کانفرنس میں اہم اعلانات کرینگے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اس وقت مانسہرہ میں صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔ مزید یہ کہ علی امین گنڈا پور آج صبح 11 بجے مانسہرہ میں پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے۔
بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور منگل کی رات اسلام آباد سے فرار ہوئے، جب پولیس نے بلیو ایریا کو خالی کرانے کے لیے کریک ڈاؤن کیا۔ پی ٹی آئی ذرائع نے انکشاف کیا کہ بشریٰ بی بی اور وزیر اعلیٰ گنڈا پور نے سیکورٹی آپریشن کے دوران اپنے پارٹی کارکنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلیو ایریا کو کامیابی سے خالی کرا لیا اور بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اس سے پہلے بشریٰ بی بی نے اعلان کیا تھا کہ وہ عمران خان کی رہائی تک اسلام آباد نہیں چھوڑیں گی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ پی ٹی آئی رہنما احتجاجی مقام سے کیسے فرار ہوئے اور مانسہرہ پہنچنے سے پہلے کہاں موجود تھے۔بشریٰ بی بی کے ڈرائیور کو سیکورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے وسیع پیمانے پر کیے گئے آپریشن کے دوران 400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے ہیں۔ گرفتار افراد پر پولیس اہلکاروں پر حملے، توڑ پھوڑ، اور مختلف مقامات پر آگ لگانے کے الزامات ہیں۔