سعودی عرب کا بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو خصوصی اقامہ دینے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں منعقدہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے موقع پر وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے 1,238 بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کار اقامہ کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان 25 سے 27 نومبر 2024 کے دوران ریاض میں منعقدہ 28ویں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں کیا گیا، جو دنیا بھر کے رہنماؤں اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ سرمایہ کار اقامہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے، جو سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتا ہے اور انہیں مملکت میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بناتا ہے۔
خالد بن عبدالعزیز الفالح نے مزید کہا کہ یہ اقدام سعودی عرب کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مرکز بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، یہ اقدام سعودی معیشت کو مضبوط کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اور قومی افرادی قوت کی مہارت میں اضافے کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے مملکت کی ویژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، واضح رہے کہ سعودی عرب کا خصوصی اقامہ مرکز 7 اقسام کے اقامے فراہم کرتا ہے، جن میں ٹیلنٹ اقامہ، سرمایہ کار اقامہ، کاروباری اقامہ، جائیداد کے مالک بننے پر اقامہ، مدت مقررہ کا خصوصی اقامہ اور غیر مقررہ مدت کا خصوصی اقامہ شامل ہیں۔
ان اقاموں کے حامل افراد کو مملکت میں رہائش، کاروبار کرنے، جائیداد خریدنے، اور دیگر کئی سہولتوں کے ساتھ اپنے خاندان کے ہمراہ رہنے کی اجازت دی جاتی ہے۔