’ہرگز سمجھوتا نہ کریں‘ ایشوریا رائے کا خواتین کو پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مشہور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے نے سوشل میڈیا پر خواتین کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے خواتین سے کہا ہے کہ وہ ہر گز سمجھوتا نہ کریں۔
خواتین کو ہراسانی کے خلاف آواز بلند کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر خواتین کے نام پیغام جاری کردیا۔ بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں خواتین کو ہراسانی کے خلاف آواز بلند کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ شیئر کی گئی ویڈیو معروف برانڈ کے ’اسٹریٹ ہراسمنٹ کے خلاف اسٹینڈ اپ ٹریننگ پروگرام‘ کا حصہ ہے۔
ویڈیو میں ایشوریا رائے کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ ہراسمنٹ کو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھیں، خود کو، اپنے لباس یا اپنی لپ اسٹک کو اس کا ذمہ دار نہ سمجھیں، اپنی قدر پر ہرگز سمجھوتا نہ کریں اور یاد رکھیں اسٹریٹ ہراسمنٹ کبھی آپ کی غلطی نہیں ہوتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا آپ نظریں ملانے سے گریز کریں گے؟ بالکل نہیں بلکہ اپنا سر بلند رکھیں اور اس مسئلے کو قریب سے دیکھیں اور خود کو کبھی کمتر نہ سمجھیں، اپنے آپ پر شک نہ کریں اور اپنے لیے مضبوط موقف اختیار کریں۔
یاد رہے کہ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایشوریا رائے اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے گردش میں ہیں لیکن بچن خاندان یا ایشوریا رائے کی جانب سے کبھی بھی اس موضوع پر بات نہیں کی گئی
حال ہی میں بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کے درمیان طلاق کی افواہوں پر مبہم انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ لکھا جائے اس کی پہلے تصدیق ہونی چاہیے، قیاس آرائیاں غیر تصدیق شدہ جھوٹ ہوتی ہیں جو صرف پروفیشنل مقاصد کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوالیہ نشان کے ساتھ دی گئی معلومات چاہے وہ غلط ہوں، شکوک و شبہات پیدا کرتی ہیں اور ایسے مواد کو بار بار دہرایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مواد کے ذریعے تجارتی فائدے حاصل کرنے کا ایک ذریعہ بن چکا ہے۔ ساتھ ہی بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ وہ شاذ و نادر ہی اپنے خاندان کے بارے میں عوامی سطح پر بات کرتے ہیں کیونکہ وہ حدود کا احترام کرنے اور رازداری کو برقرار رکھنے میں یقین رکھتے ہیں۔