خلاف میرٹ بھرتی کرنے اور بھرتی ہونے والے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، سرفراز احمد بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے محکمہ صحت میں میرٹ پر تعیناتیوں کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ خلاف میرٹ بھرتی کرنے اور بھرتی ہونے والے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی صحت اور تعلیم کے مسائل کا حل نکل آئے تو عوام کے 80 فیصد مسائل حل ہوجائیں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو محکمہ صحت کی کارکردگی سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری صحت مجیب الر حمان، ڈی جی ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل شریک ہوئے ، اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ڈھائی لاکھ “سرکاری بابو ” تعینات ہیں ، سروس ڈلیوری کا نظام اطمینان بخش نہیں صحت کے شعبے کے لئے مختص وسائل کا فائدہ عام آدمی کو ملنا چاہیے اصلاحات کے آڑے آنے والے مافیاءکے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ بات چیت کا دروازہ کھلا ہے اصلاحات پر جنہیں تحفظات ہیں آئیں بات کریںاحتجاج کی آڑ میں مفاد عامہ کے امور میں رکاوٹیں ناقابل برداشت ہیں۔