شناختی کارڈ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کرنے کے لیے نادرا کا خود کار مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ

ابتدا میں سیلف سروس کیوسک نادرا میگا سینٹرز بعدازاں ائیرپورٹ، ریلوے اسٹیشن اورشاپنگ مالز میں نصب کیے جائیں گے .اسسٹنٹ ڈائریکٹر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)شناختی کارڈ میں تبدیلیوں کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے خود کار مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے شناختی کارڈ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کرنا آسان ہوگا. تفصیلات کے مطابق اسمارٹ قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور گمشدہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے کراچی میں سیلف سروس کیوسک نصب کی جائے گی جس سے لمبی قطاروں اور طویل انتظار کے بغیرکوئی بھی شہری بغیر خود کار طریقے سے استفادہ کرسکے گا ابتدا میں سیلف سروس کیوسک نادرا میگا سینٹرز بعدازاں ائیرپورٹ، ریلوے اسٹیشن اورشاپنگ مالز میں نصب کیے جائیں گے.
نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمار حیدر کا کہنا ہے کہ آئیڈیاز نمائش کے ذریعے سیلف سروس کیوسک کی رونمائی کر دی گئی ہے اگلے مرحلے میں اس خود کار سسٹم کے کچھ آزمائشی مراحل ہوں گے جس کے بعد اس کو شہر کے کسی بھی میگا سینٹر میں نصب کر دیا جائے گا ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس کی تنصیب پہلی مرتبہ ہوگی تاہم اگرملک کے دیگر شہروں کی بات کریں تو یہ سیلف سروس کیوسک اسلام آباد کے میگا سینٹر میں نصب کیا جاچکا ہے.
عمار حیدرکے مطابق سیلف سروس کیوسک کے ذریعے کوئی بھی شہری 8 تا 9 مختلف ڈیٹا اسٹیپس کے بعد شناختی کارڈز کی تجدید کے اہل ہوں گے جس میں سب سے پہلا کیوسک کی بورڈ کے ذریعے قومی شناختی کارڈزکا انداراج، بائیو میٹرک، آئیرس، تصویراور اس کے علاوہ ارجنٹ یا نارمل کے آپشن کے بعد سائل کو ایک کیوآرکوڈ موصول ہوگا.