عدالتی حکم کے باوجود احتجاج پر توہین عدالت کی درخواست، پی ٹی آئی کو نوٹس جاری
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود احتجاج پر پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا ہے جبکہ سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے سیکٹر ایف 7 کے تاجروں کی تنظیم کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست دائر پر سماعت کی اور فریقین کو نوٹسز جاری کیے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود ہزاروں مظاہرین اسلام آباد میں داخل ہوئے اور خیبرپختوںخوا سے آنے والے مظاہرین بزور طاقت بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا چاہتے تھے۔
درخواست کے مطابق حکومت اور انتظامیہ اسلام آباد میں امن وامان برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پرفریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔