سابقہ سسر کو پھنسانے کے لیے ون فائیو پر کال شہری کو مہنگی پڑگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی میں سابقہ سسر کو پھنسانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ون فائیو پر بتایا تھا کہ احسن آباد کے علاقے میں ہائی روف میں سوار ملزمان نے اس سے 14 لاکھ 95 ہزار روپے چھین لیے ہیں جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی جہاں کالر کے علاوہ 2 مزید افراد موجود تھے۔
ون فائیو پر کال کرنے والے شخص احمد نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ اس کا دوست حیدرآباد سے پلاٹ فروخت کرکے رقم کے ہمراہ آرہا تھا اور اسے پک کرنے کے لیے بلایا تھا تاہم جب وہ اسے لے کر جارہے تھے تو ڈاکو ان سے رقم چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ اہلکاروں نے جب تھوڑے کراس سوالات کیے تو انہوں نے احمد سے سختی سے پوچھ گچھ کی جس پر گھبراکر اس نے سچ اگل دیا کہ اس نے گاڑی کا جو نمبر انہیں دیا وہ اس کے سابقہ سسر کا تھا جنہیں وہ پھنسانا چاہتا تھا۔
پولیس نے جب اس نمبر پر رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے 2 ماہ قبل احمد سے خلع لے لیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم جھوٹی اطلاع کے ذریعے دوستوں کے ساتھ مل کر سابقہ سسر کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا۔
ملزم اور اس کے دوستوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔