والد نے کتنی شادیاں کی تھیں، جنید جمشید کے بیٹے نے پہلی بار سب بتادیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دین کی خاطر موسیقی کی دنیا کو خیر باد کہنے والے سابق گلوکار اور مرحوم نعت خواں جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید جمشید نے اپنے والد کی شادیوں کے حوالے سے بات کی ہے۔
حال ہی میں مرحوم جنید جمشید کے بیٹے نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا وہیں اپنے والد کی شادیوں پر بھی بات کی اور بتایا کہ جنید جمشید نے کل 3 شادیاں کی تھیں۔
بابر جنید نے پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کے علاوہ جنید جمشید کی 2 بیویاں اور تھیں جن میں سے 1 کا انتقال والد کے ساتھ ہی طیارہ حادثے میں ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 4 بہن بھائی ہیں اور ان کی والدہ کے علاوہ دیگر دونوں بیویوں سے جنید جمشید کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
بابر جنید نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ان کے والد جنید جمشید نے پوچھا کہ لوگ کہتے ہیں تمہارے والد نے متعدد شادیاں کی ہیں لیکن تم بتاؤ کیا کبھی میں نے تم لوگوں کے ساتھ نا انصافی کی ہے جس پر بابر جنید نے جواب دیا کہ نہیں آپ نے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کی ہیں اور ہمیں بہت پیار دیا ہے جس پر وہ مطمئن ہو گئے۔
یاد رہے کہ جنید جمشید 7 دسمبر 2016 کو طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ 52سالہ جنید جمشید اپنی اہلیہ کے ہمراہ چترال میں تبلیغی دورے کے بعد اسلام آباد جا رہے تھے۔
خیال رہے کہ ماضی کے پاپ گلوکار جنید جمشید نے میوزک بینڈ وائٹل سائنز سے شہرت حاصل کی تھی۔ وہ لاہور میں واقع یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے فارغ التحصیل تھے۔
سنہ 1987 میں ان کے گیت ’دل دل پاکستان‘ نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا اور ان کے بینڈ کو پاکستانی ’پنک فلوائڈ‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا تھا تاہم 2000 کے عشرے میں جنید جمشید نے گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا اور مذہب کی تبلیغ اور حمد و نعت سے وابستہ ہوگئے تھے۔