کوئٹہ: سریاب روڈ اور ریڈیو پاکستان سڑک پر ترقیاتی کام مکمل


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ کی 2 اہم سڑکوں سریاب روڈ اور ریڈیو پاکستان روڈ پر کام مکمل کرلیا گیا ہے جن کا افتتاح آئندہ ماہ کے آغاز میں افتتاح کردیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹس سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سرفراز بگٹی نے ایئر پورٹ روڈ کی خوبصورتی کے لیے جامع منصوبہ تشکیل دے کر 2 ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔