احتجاج میں جاں بحق 3 مظاہرین کے جنازوں کا گواہ ہوں، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں شریک 2 افراد کے جنازے ان کے حلقے جبکہ ایک جنازہ مردان میں ہوا۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 مظاہرین کی گواہی تو میں دے سکتا ہوں کہ یہ احتجاج میں شہید ہوئے ہیں، لیکن حکومت سینہ زوری کررہی ہے کہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، آپ نے گولیاں چلائیں ہیں، لوگ مرے ہیں، یہ آپ کو ماننا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں رات کے اندھیرے میں گولیاں چلائی گئیں جو سمجھ سے بالاتر ہے، کیا مظاہرین نے وہاں حملہ کیا تھا، کیا ایسی کوئی ویڈیوز ہیں جن میں نظر آرہا ہو کہ کوئی آپ پر حملہ آور ہوا اور آپ نے اپنے دفاع میں گولی چلائی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دن کی روشنی میں احتجاج کرنے والے مظاہرین پر گولی چلانا بھی قابل قبول نہیں، رات کے اندھیرے میں، لائیٹس بند کرکے گولیاں چلانے کا کیا مقصد تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ جس طرح کا ماحول یا سوچ اس وقت اسلام آباد کے اندر ہے، اس کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا کہ جو کچھ ہوا ہے اس کے بارے میں لوگ ملک اور حکومت کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دوسری طرف حکومت سینہ زوری کررہی ہے کہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، ایسا ہے تو حکومت اسپتالوں کے ریکارڈ پیش کرے اور ڈاکٹروں کو بات کرنے دے، آپ نے گولیاں چلائیں ہیں، لوگ مرے ہیں، یہ آپ کو ماننا پڑے گا۔