جام کمال گروپ کو حمایت کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے،نواب ثناء اللہ زہری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری نے سوشل میڈیا پر ان سے منسوب اس خبر کو من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ نواب ثناء اللہ زہری نے جام کمال گروپ کو حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نواب ثنائا اللہ زہری نے ٹیلی فون پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپنی جماعت پی پی پی اور اسکی قیادت کے فیصلے کا پابند ہوں۔ لہذا اس حوالے سے میں اپنے سے منسوب من گھڑت و گمراہ کن خبروں کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ماضی میں میرے شہید بچوں کا کفن ابھی میلا بھی نہیں ہوا

تھا تو اس وقت نواز شریف نے بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کا منصب ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو دے دیا حالانکہ میرا حق بنتا تھا اسکے باوجود میں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی اور پارٹی کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرلیا اب میں نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی ہے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری جو فیصلہ کریں گے میں پارٹی کے ایک مخلص سیاسی رہنماء وکارکن کی حیثیت سے اس فیصلے کی پابندی کروں گا لہذا سوشل میڈیا پر غلط، بے بنیاد اور من گھڑت خبروں سے اجتناب کریں۔