آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے ملک کیخلاف منظم سازش کی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
طلبہ نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو روکنا ہے، وزیراعلیٰ کا اسکوٹیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک میں بیٹھ کر ہمارے خلاف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے منظم سازش کی جا رہی ہے۔
گرلز کالج کوئٹہ میں اسکوٹیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر سازش کی جا رہی ہے اور طلبہ نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو روکنا ہے کیونکہ طلبہ سمیت نئی نسل کی مدد کے بغیر یہ مقابلہ ممکن نہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج صوبے میں میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں اور آپ آگے بڑھیں گے تو یہاں سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے، ہم مل کر بلوچستان کو آگے لے کر جائیں گے۔
اسکوٹیاں تقسیم کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں نے جو آپ سے وعدہ کیا تھا وہ ایک ہفتے میں پورا کیا، یہ سلسلہ یہاں تک نہیں بلکہ خواہش ہے کہ تمام کالجز میں فراہم کریں۔ کالج میں میڈم ناظمہ طاہر بلاک بھی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک خواتین معاشرے میں مثبت کردار ادا نہیں کریں گے یہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، 5 خواتین ڈی سی صوبے میں خدمات دے رہی ہیں۔
قبل ازیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کالج کی 45 طالبات میں پنک اسکوٹیز تقسیم کیں۔ تقریب میں وزیر تعلیم راحیلہ درانی، صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری اور دیگر شریک ہوئے۔