پسند کی شادی پر باجوڑ سے علاقہ بدر کیے گئے میاں بیوی کراچی میں قتل

مقتولین لیاری میں کرایے پر رہتے تھے، شاپنگ مال سے واپسی پر نامعلوم مسلح افراد نے گولیوں کا نشانہ بنا دیا


کراچی(قدرت روزنامہ)پسند کی شادی پر جرگے کے ذریعے باجوڑ سے علاقہ بدر کیے گئے میاں بیوی کو کراچی میں قتل کردیا گیا۔
اولڈ سٹی ایریا نیپیئر تھانے کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے والے خاتون اور مرد کی شناخت میاں بیوی کے طور پر ہوگئی۔ پولیس کے مطابق مقتولین کوپسند کی شادی کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔
جمعرات کے روز میوہ شاہ مسجد کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے، جس میں مقتول شخص کی شناخت عطاللہ ولد پیرمحمد خان کے نام سے کی گئی، تاہم ابتدائی طور پر مقتولہ خاتون کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی تھی۔ بعد ازاں رات گئے مقتولہ کی شناخت رہادیہ عرف ثمرین دختر محمد گل کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او نیپیئر کے مطابق مقتولین کا آبائی تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا اور انہوں نے 2 سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔ جس کے بعد یہ لاہور اور پھر کراچی منتقل ہوئے۔ اس دوران دونوں نے لیاری کے ایک نجی ہوٹل میں بھی قیام کیا اور پھر نیپیئر کے علاقے لیاری میوہ شاہ مسجد کے قریب کرایے پر مکان لے لیا۔
گزشتہ روز مقتولین کلفٹن سی ویو کے قریب شاپنگ مال سے رکشے میں سوار ہو کر لیاری آئے، جہاں انہیں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنایاگیا۔
مقتول عطااللہ کے کزن نے پولیس کو بتایا کہ مقتول عطااللہ اور اس کی بیوی کوعلاقے کے معززین نے جرگے کے ذریعے علاقہ بدر کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کامقدمہ مقتول عطااللہ کے کزن اسفندیار کی مدعیت میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کے بعد مقتولین میاں بیوی کی لاش اس کے کزن کے حوالے کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔