خیبر پختونخوا

فیصل کریم کنڈی، ایمل ولی خیبر پختونخوا کی صورتحال پر یک زبان

چارسدہ میں فیصل کریم کنڈی اور ایمل ولی خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گفتگو


چارسدہ (قدرت روزنامہ)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان صوبے کی صورتحال پر یک زبان ہوگئے۔
چارسدہ میں فیصل کریم کنڈی اور ایمل ولی خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گفتگو کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ امن سے کرنا ہے، صوبے کی بہتری کےلیے کام کرتا رہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں قیام امن کے لیے سب کو کام کرنا ہوگا، قیام امن کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں امن کی صورتحال مخدوش ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ اس وقت صوبے میں آگ لگی ہے، صوبائی حکومت اسلام آباد میں آگ لگانے گئی، پنجاب سے کوئی نہیں نکلا۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بانی کو چھڑوانےکے لیے اسلام آباد پر چڑھائی کر رہی ہے، احتجاج میں پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر نہیں پکڑا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن وامان اور صوبائی حکومت متعلق تمام سیاسی پارٹیوں سےمشاورت کر رہے ہیں، 5 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کیا گیا، امن وامان سے متعلق وفاقی حکومت سے بھی بات کریں گے، گورنر راج سے متعلق میرےساتھ کسی نے مشاورت نہیں کی۔
اس موقع پر ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی اور پی پی کے درمیان نظریاتی جوڑ ہے، ہم ایک عرصے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا سے دہشت گردی اور کرم کے واقعے پر بات ہوئی، امن کےلیے ہر کسی کا ساتھ دیں گے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کو سپورٹ کرتے ہیں، پی ٹی آئی غیر جمہوری رویہ رکھتی ہے، 9مئی اور 24 نومبر کےواقعات پابندی کابہترین جواز ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *