دوست مشکل میں ہے اورآپ جشن منا رہی ہیں۔ کاجول تنقید کی زد میں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اداکارہ کاجول اپنی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے 26 سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان اور کاجول کی سُپر ہٹ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے 26 مکمل ہوئے ہیں اور اس موقع پر کاجول نے سوشل میڈیا پر خصوصی پوسٹ شیئر کی۔ کاجول نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا وہ سین شیئر کیا جس میں وہ اپنی محبت یعنی شاہ رخ خان سے مل جاتی ہیں،اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’سیمرن نے 26 سال قبل ٹرین پکڑی تھی اور ہم اب بھی اس محبت کے لیے آپ سب کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔‘

اُن کی پوسٹ پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے اُن پر خوب تنقید کا نشانہ بنایا، مداحوں کا کہنا تھا کہ اس وقت آریان خان جیل میں ہیں اور کاجول اپنے دوست شاہ رخ خان کو سپورٹ کرنے کے بجائے یہاں اپنی فلم کا جشن منارہی ہیں۔ایک صارف نے کہا کہ ’اگر آپ کی پی آر ٹیم نے یہ پوسٹ کی ہے تو بہت شرم کی بات ہے اور اگر آپ نے خود یہ پوسٹ کی ہے تو یہ بےحد افسوسناک ہے۔‘ اُنہوں نے کہا کہ ’آپ کے دوست شاہ رخ خان مشکل وقت سے گُزر رہے ہیں، اُن کے بیٹے کو ضمانت نہیں مل رہی ہے اور آپ کیا کر رہی ہیں۔‘ ایک اور صارف نے کاجول سے سوال کیا کہ ’آپ شاہ رخ خان کو سپورٹ کیوں نہیں کر رہی ہیں؟‘ واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔