اسلام آباد میں جو کچھ ہوا حکومت کو اس کا جواب دینا پڑےگا، علی محمد خان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے دوبارہ احتجاج کی ابھی کوئی تاریخ نہیں دی، اس حوالے سے چلنے والی خبر من گھڑت ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ استعفے دینے نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونے کا وقت ہے، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بھی اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا حکومت کو اس کا جواب دینا پڑےگا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کیوں نہیں کی گئی۔
علی محمد خان نے کہاکہ مظاہرین کو بلوائی اور دہشتگرد کہنا درست نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ تھا کہ احتجاج نہیں کرنا، چلیں ہم سے غلطی ہوگئی، جو لوگ پکڑے گئے ہیں انہیں سزا ہی ہوگی، پھانسی تو نہیں چڑھائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ پاڑا چنار میں امن کے لیے صوبائی حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے، اور ہم نے اس اہم معاملے پر جرگہ تشکیل دے دیا ہے۔
علی محمد خان نے کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں بلاول بھٹو اور مریم نواز احتجاج کے لیے اسلام آباد آئے لیکن ہم نے انہیں نہیں روکا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کا پارٹی کے سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، وہ صرف عمران خان کی رہائی کے لیے کردار ادا کررہی ہیں۔