عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی کیا بات ماننے سے انکار کیا؟ مشعال یوسف زئی کا نیا انکشاف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے ڈی چوک پہنچ کر اپنے شوہر سے وفا نبھائی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بیرسٹر گوہر نے 24 نومبر کو عمران خان سے ملاقات میں کہاکہ وہ کارکنوں کے نام 20 سیکنڈ کی ویڈیو ریکارڈ کرا دیں، لیکن انہوں نے کہاکہ وہ کسی کی مرضی پر کوئی ویڈیو ریکارڈ نہیں کرائیں گے۔
مشعال یوسف زئی نے کہاکہ بیرسٹر گوہر کو عمران خان سے ملاقات کے لیے بھیجا گیا تھا، اور یہ ایک ہی دن میں ان کی بانی پاکستان تحریک انصاف سے دوسری ملاقات تھی۔
بشریٰ بی بی کی ترجمان نے کہاکہ عمران خان نے بیرسٹر گوہر کو کہاکہ وہ اپنی مرضی کا پیغام دیں گے، عمران خان نے سارا اختیار بشریٰ بی بی کو دیا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی نے گزشتہ روز ایک ٹی وی انٹرویو دیا تھا جس کے بعد انہیں معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔