ایڈز کے خاتمے کا عالمی دن: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اہم پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان ایچ آئی وی کے خلاف قومی حکمت عملی کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے پر عزم ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ایڈز کے خلاف مہم میں کوئی پیچھے رہ نہ جائے۔ ایڈز کے عالمی دن کا اس دفعہ کا موضوع’ ٹیک دا رائیٹس پاتھ‘ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایڈز کو صحت عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کرنا، انسانی حقوق کے لیے پختہ عزم سے شروع ہوتا ہے۔ انسانی حقوق کے بارے اقوام متحدہ کے اعلامیے پر عملدرآمد اور تمام کمیونٹیز کی شمولیت کا فروغ، ایڈز کو صحت عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت کی دیکھ بھال ایک بنیادی حق ہے اور اپنی کوششوں کے ذریعے، ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ تمام شہریوں کو یہ بنیادی حق سے یکساں طور پر مل سکے۔ اجتماعی طور پر کام کرنے سے، ہم اپنے صحت کے نظام کو مضبوط بناتے رہیں گے اور اپنے شہریوں کے تک خدمات کی رسائی کو بڑھاتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایچ آئی وی/ ایڈز نہ صرف صحت کا چیلنج بلکہ ایک اہم سماجی و اقتصادی مسئلہ ہے جو معاشی نظام کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ایڈز کی جانچ اور علاج کی کوریج میں ایک خلا ہے جس کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسے افراد جو ایڈز کے خطرے سے دوچار ہیں ان کے لیے حکمت عملی بنانا اور ایسی پالیسیاں بنانا جو اس بیماری کی بدلتی ہوئی حرکیات سے نبرد آزما ہو سکیں، ہماری ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوششوں کے باوجود، پاکستان میں ایچ آئی وی کی وبا بڑھ رہی ہے، جس کے لیے اختراعی اور پائیدار کوششوں کی ضرورت ہے۔ مساوات اور شمولیت پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے ہی ہم ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔ مضبوط سیاسی ارادہ اور مؤثر قیادت قومی ایچ آئی وی حکمت عملی کو نافذ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوری چیلنجز جن پر ہماری توجہ کی ضرورت ہے وہ ایڈز کے پھیلاؤ کو ختم کرنا، سرنج کے ذریعے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا، خون کی محفوظ منتقلی، اور ماں سے بچے میں HIV کی منتقلی کو ختم کرنا ہیں۔ ہمیں پسماندہ گروہوں، خاص طور پر نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کے لیے بھی انسدد ایڈز کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے جنہیں ایچ آئی وی انفیکشن کے زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایڈز کے عالمی دن پر، آئیے ایڈز سے پاک ملک کے لیے متحد ہو جائیں۔ ایڈز سے پاک مستقبل صرف اجتماعی عمل کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے جو انسانی وقار، مساوات اور شمولیت کو برقرار رکھے۔ آئیے ہم ایڈز سے متاثرہ ہونے والوں کا ساتھ دیں اور انہیں بااختیار بنائیں۔ ہم سب مل کر ہی اپنی آنے والی نسلوں کی صحت اور فلاح و بہبود کی حفاظت کرسکتے ہیں اور سب کے لیے ایک صحت مند اور انصاف پسند معاشرے کی تعمیر کرسکتے ہیں۔