ایڈز کی بیماری کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایڈز کی بیماری کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ایڈز کے عالمی دن کے حوالے سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی یوم ایڈز یکم دسمبر کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں عام لوگوں کو ایچ آئی وی ایڈز کے بارے میں ہر ممکن معلومات فراہم کرنا، اس کی وجوہات، جانچ اور علاج کے بارے میں لوگوں میں بیداری پھیلانا اور اس سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ کاوشوں سے ہم اس بیماری سے نمٹ سکتے ہیں ۔انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ایڈز کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جس جس کا تدارک ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر اس کاوش کو سپورٹ کرے گی جس کے ذریعے اس بیماری کے روک تھام کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے سول سوسائٹی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور علما کرام پر زور دیا کہ اس بیماری کے خلاف بھرپور کردار ادا کریں اور ایک مشترکہ حکمت عملی طے کرے انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال ایک بنیادی حق ہے اور ہم سب کو اپنی مشترکہ کوششوں سے اس بیماری کو اپنے ملک اور معاشرے سے ختم کرنے کی سعی کرنی چاہیے ۔