ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ بھارتی نژاد وزیر کا روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق بڑا دعویٰ، معاملہ کیا ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ وزرا کی نامزدگیوں میں شامل بھارتی نژاد ویویک راما سوامی نے امریکا میں ریاست پاکستان کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کو کرائے پر حاصل کرنے پر نیویارک سٹی گورنمنٹ پر کڑی تنقید کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویویک راما سوامی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا، ’غیرقانونی تارکین وطن کے لیے ٹیکس دہندگان کی مالی اعانت سے چلنے والا ہوٹل پاکستانی حکومت کی ملکیت ہے جس کا مطلب ہے کہ نیویارک سٹی کے ٹیکس دہندگان اپنے ہی ملک میں غیرقانونی رہائش کے لیے غیرملکی حکومت کو مؤثر طریقے سے ادائیگی کررہے ہیں، یہ پاگل پن ہے۔‘
راما سوامی نے امریکی مصنف جان لیفیور کی ایک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا۔ قبل ازیں، جان لیفیور نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ نیویارک سٹی انتظامیہ روز ویلٹ ہوٹل کو 220 ملین ڈالر کرایہ ادا کررہی ہے، یہ معاہدہ حکومت پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے 1.1 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکیج کا حصہ ہے۔
راما سوامی کی جانب سے روزویلٹ ہوٹل سے متعلق کیا جانے والا دعویٰ حقائق پر مبنی نہیں کیونکہ نیویارک سٹی انتظامیہ کو غیرقانونی تارکین وطن کی رہائش کے لیے 14 ہزار کمرے درکار تھے جس کے لیے اس نے صرف روز ویلٹ سے ہی معاہدہ نہیں کیا تھا بلکہ 100 دیگر چھوٹے اور بڑے ہوٹلز سے بھی معاہدے کیے تھے جو غیرملکی حکومتوں اور کمپنیوں کی ملکیت تھے، جن میں انڈین تاج گروپ، ایئر انڈیا اور دیگر کے ہوٹلز بھی شامل تھے۔
راما سوامی نے اپنے بیان میں تاثر دینے کی کوشش کی کہ نیو یارک سٹی پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کو 220 ملین ڈالر کرایہ ادا کرے گی۔ درحقیقت 220 ملین ڈالر کا یہ 3 سالہ لیز کا معاہدہ گزشتہ برس طے پایا تھا جس کے تحت معاہدے کی تکمیل تک پی آئی اے سرمایہ کاری کے ذریعے صرف 18 ملین ڈالر حاصل کرپائے گی۔
ویویک راما سوامی کون ہیں؟
ویویک راما سوامی 1985 میں امریکی ریاست اوہائیو میں بھارت سے آنے والے تارکین وطن کے گھر پیدا ہوئے۔ ان کے والدین بھارت کے صوبے کیرالا سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد وی گناپاتھی راما سوامی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کالیکٹ سے فارغ التحصیل ہوئے تھے۔ وہ ایک انجنیئر تھے اور انہوں نے جنرل الیکٹرک کمپنی کے پیٹنٹ کے اٹارنی کے طور پر خدمات بھی انجام دیں۔ ان کی والدہ ماہرنفسیات ہیں جنہوں نے بھارت میں میسور میڈیکل کالج سے تعلیم حاصل کی۔
ویویک راما سوامی نے ہارورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی جہاں وہ ہارورڈ پولیٹیکل یونین کے صدر بھی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے سن 2014 میں رونٹ سائنسز کے نام سے ایک دوا ساز کمپنی قائم کی ۔ علاوہ ازیں، وہ مالی کاروبار میں بھی ملکیت رکھتے ہیں۔
ان کا شمار کامیاب کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے اور امریکی فوربز میگزین کے مطابق اگست 2023, میں ان کے اثاثوں کی مالیت 950 ملین ڈالر ہے۔ انہوں نے عملی سیاست میں رواں سال فروری میں اس وقت قدم رکھا جب انہوں نے ری پبلکن پارٹی کے 2024 کے الیکشن کے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے پرائمری دوڑ میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔