علی عظمت کے نامناسب ریمارکس کافی پریشان کُن ہیں: آمنہ ملک

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ آمنہ ملک نے گلوکار علی عظمت کے ملکۂ ترنم میڈم نور جہاں سے متعلق دیے گئے بیان پر اُنہیں پاگل قرار دے دیا۔
آمنہ ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ’میڈم نور جہاں کے بارے میں علی عظمت کے نامناسب ریمارکس کافی پریشان کُن ہیں۔‘


اداکارہ نے کہا کہ ’میڈم نور جہاں گلوکاری کی ملکہ تھیں اور پوری دنیا میں خاص طور پر برصغیر میں انھیں بہت پسند کیا جاتا تھا، مداح اُن کے مخصوص اسٹائل سے بہت مُتاثر ہوتے تھے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میڈم نور جہاں ایک لیجنڈ تھیں اور ظاہر ہے کہ اُنہوں نے اپنی زندگی میں وہ سب حاصل کیا جو علی عظمت اب تک حاصل نہیں کرسکے۔‘آمنہ ملک نے مزید کہا کہ ’علی عظمت اپنے بیان سے یہ ثابت کرچکے ہیں کہ وہ مکمل طور پر پاگل ہیں۔‘
واضح رہے کہ علی عظمت نے ایک ٹاک شو کے دوران برسوں سے تبدیل ہوتی پاکستان میوزک انڈسٹری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے بچپن میں نورجہاں ساڑھی کے ساتھ بڑے بڑے جھمکے اور بُندے پہن کر اور اضافی میک اپ کرکے گانے گاتی تھیں، اس وقت ہمیں ان سے چِڑ ہوتی تھی۔
علی عظمت نے کہا تھا کہ نور جہاں اس وقت بڑھاپے میں تھیں اور ہم سمجھتے تھے کہ انہیں دیکھنا ہمارے لیے ضروری نہیں ہے۔خیال رہے کہ علی عظمت کے اس بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز ستارے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔