بیرسٹر سیف کے بعد شیر افضل مروت نے بھی قاسم سوری کو جھوٹا قرار دے دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کے بعد پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے بھی قاسم سوری کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔
ابصار عالم کے ٹاک شو میں جب شیر افضل مروت سے قاسم سوری کی ایکس پوسٹ سے متلعق پوچھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایسی کوئی زیرہلی چیز دی گئی ہے جس سے ان کا ذہنی توازن بگڑ سکتا ہے، جبکہ ان کے کمرے میں بھی کوئی زہریلا اسپرے کیا گیا ہے جس سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
اس پر پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ ہمیں یہاں اسلام آباد میں کسی کے علم میں یہ بات نہیں ہے اور انہیں واشنگٹن میں تار پہنچ جاتی ہے۔ پارٹی کے لوگ ہی نہیں صحافی بھی بانی پی ٹی آئی کو ملتے رہتے ہیں، کوئی ایسی بات نہیں ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ایسی باتوں سے ورکرز میں اضطراب بڑھتا ہے، وہ خوف کا شکار ہوتے ہیں۔ مایوسیاں اور تاریکیاں پہلے ہی ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، ایسے میں ورکرز کو امید دینی چاہیئے، کبھی جائز خدشات ہوئے تو ہم بولیں گے اور ہم بولتے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ قاسم سوری کا دعویٰ بالکل غلط ہے جبکہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نے بھی اس دعوے کی تردید کی ہے۔