آپ پاکستان آ کر کھیلیں، یہاں آپ کو شکست دینے کا اپنا ہی مزہ ہے رانا مشہود

پاکستان میں مسئلہ بھارت کے بھیجے گئے کلبھوشن جیسے لوگوں کی وجہ سے ہے، رانا مشہود


لاہور(قدرت روزنامہ)چیرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان آ کر کھیلے یہاں اسے شکست دینے کا اپنا ہی مزہ ہے۔
ایوان اقبال لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا کہ بھارت کو کہوں گا آپ کی نیک نامی پہلے بھی نہیں تھی اب اس میں مزید کمی آ رہی ہے۔ پاکستان آپ سے زیادہ پرامن ملک ہے۔ پاکستان میں اگر کوئی مسئلہ ہے تو آپ کے کلبھوشن جیسے بھیجے گئے لوگوں کی وجہ سے ہے۔آپ پاکستان آ کر کھیلیں یہاں آپ کو شکست دینے کا اپنا ہی مزہ ہے۔
رانا مشہود نے مزید کہا کہ پاکستان کی صورتحال ایک چیلنج ہے۔ آئی ایم ایف کی وجہ سے ہماری معیشت کی تباہی ہوئی۔ نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ توقع ہے کہ پاکستان اپنا اگلا بجٹ آئی ایم ایف کے بغیر دے گا۔ سی پیک جو 2014 میں شروع ہونا تھا 2016 میں شروع ہوا۔ہم لڑائی میں نہیں پڑنا چاہتے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں تاہم کسی کو بھی ملک کا ماحول خراب نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان میں مہم چلا رہے ہیں۔ سب سے بڑا چیلنج اسموگ ہے۔ آج ہم جس چیز کا سامنا کررہے ہیں اس میں پاکستان کا کردار زیرو ہے۔ دنیا کو باور کروانا ہے کہ جو کچھ تم کررہے ہو اس کو ہم بھگت رہے ہیں۔ معاشرے اور علاقوں کو صاف کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم والنٹیرز آرگنائزیشن کو پارٹنر بنا رہے ہیں۔ پاکستان کا اصل مثبت اور سافٹ امیج دنیا کو دکھانا ہے۔ کوئی بھی معاشرہ تب تک نہیں چل سکتا جب تک اس کے نوجوانوں کی ٹریننگ نہ کروائی جائے۔ نیشنل یوتھ کونسل کا بورڈ بنے گا۔ نیشنل یوتھ کونسل کی اسکرینگ ہوچکی ہے۔ 100 بچے اور بچیاں پاکستان سے منتخب ہوچکے ہیں۔جنوری کے آخر میں ہم اس پروگرام کو شروع کرنے جارہے ہیں۔