ٹیکس ہدف پورا نہ ہونے کی وجہ مراعات میں کمی اور تبادلے ہیں، ایف بی آر افسران

مسائل کی وجہ سے ٹیکس وصولی میں 365ارب روپے کی کمی کے خدشات ہیں، سروے نتائج پر مبنی اعلامیہ


کراچی(قدرت روزنامہ)ایف بی آر افسران کی تنظیم نے ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے کی وجہ مراعات میں کمی اور تبادلوں کو قرار دے دیا۔
ایف بی آر میں خدمات انجام دینے والے افسران کی تنظیم ان لینڈ سروس آفیسرز ایسوسی ایشن نے اپنے اعلامیے میں انکشاف کیا ہے کہ ان لینڈ ریونیو میں خدمات انجام دینے والے افسران کی مراعات میں کمی اور ٹرانسفر پوسٹنگ ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
آئی آر ایس افسران کی تنظیم نے ازخود کیے گئے سروے کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروس گروپ میں جونیئر افسران کی سہولتیں دیگر حکومتی افسران سے کم ترین سطح پر ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات پروگرام کی وجہ سے آئی آر ایس افسران نالاں ہیں۔ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو کے 80فیصد جونیئر افسران کو ٹرانسپورٹ و ایندھن فراہم نہیں کیا جاتا ہے جب کہ ٹرانسفر پوسٹنگ کی وجہ سے افسران کو دُور دراز مقامات پر تعیناتی کی صورت میں رہائش سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تنظیم کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تبادلہ کیے گئے افسران پر کرپشن کے الزام کی وجہ سے بھی اس شعبے میں تناؤ ہے۔ آئی آر ایس گروپ کے گریڈ 18 اور 19 کے افسران کی ترقی کے لیے بورڈ کا انعقاد نہیں کیا جارہا ہے۔ اعلامیے میں اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ درپیش مسائل کی وجہ سے ٹیکس وصولی میں 365ارب روپے کی کمی ہوسکتی ہے۔