شہباز شریف 2 روزہ دورے پر سعودی عرب کیلئے اسلام آباد سے روانہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 2 روزہ دورے پر سعودی عرب کیلئے اسلام آباد سے روانہ ہوگئے، ان کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف صاف پانی و آبی ذخائر کے تحفظ کے حوالے سے ریاض میں منعقدہ ون-واٹر سربراہی اجلاس (One Water Summit) میں شرکت اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے. سعودی عرب، فرانس، قزاقستان اور عالمی بینک کے اشترک سے منعقدہ ون-واٹر سربراہی اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر بین الاقوامی تعاون اور اعلی سطح سیاسی عزم کے ذریعے آبی ذخائر کے بہتر انتظام و تحفظ کا حصول یقینی بنانا ہے.

وزیرِ اعظم سربراہی اجلاس کے دوران صاف پانی کے ذخائر کی بحالی، تحفظ اور اس حوالے سے جدت پر خطاب کریں گے. وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے آبی ذخائر کے تحفظ، ماحولیاتی تبدیلی سے بچاؤ کی تیاری، پینے کے پانی کے معیار کی بہتری، روزگار کی فراہمی اور آبی حیات کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے.

وزیرِ اعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے آئے سیلابوں، موسموں میں بے وقت تبدیلی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے آبی زخائر و آبی حیات پر اثرات پر قابو پانے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے. وزیرِ اعظم عالمی دنیا کو آبی وسائل کے پائیدار و بہتر انتظام کیلئے اقدامات کی دعوت بھی دیں گے.

اس موقع پر وزیرِاعظم کی سربراہی اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں.