انٹر بینک میں ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ برقرار

ڈالر 277.97 روپے سے کم ہو کر 277.90 روپے پر آگیا


کراچی(قدرت روزنامہ)تبادلہ مارکیٹ میں روپیہ کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا تسلسل برقرار ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی 7 پیسے سستی ہوئی جس کے ساتھ انٹر بینک میں ڈالر 277.97 روپے سے کم ہو کر 277.90 روپے پر آگیا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہزار سے زائد پوائنٹس کی تیزی کے باعث 100 انڈیکس ایک لاکھ 4 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے، 1000 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ اسٹاک ایکس چینج میں ہنڈریڈ انڈیکس ایک لاکھ 4 ہزار 361 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں آئندہ مہینوں میں ڈالر کی قیمت سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں ڈالر کی قدر بڑھنے کے امکانات زیادہ نہیں ہیں۔
کرنسی مارکیٹ سے وابستہ ماہرین کے مطابق گذشتہ ہفتے اگرچہ ڈالر کی قیمت کچھ پیسے بڑھی ہے، لیکن یہ ایک عارضی رجحان ہے اور مستقبل قریب میں اس میں واضح کمی ہو گی۔ اگر کوئی بڑی تبدیلی رونما نہیں ہوتی تو طویل المیعاد بنیادوں پر ڈالر کے نرخ نیچے آنے چاہییں۔
بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہی رحجانات برقرار رہے تو دو سے تین ماہ میں ڈالر 250 روپے کا ہو جائے گا۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کا رحجان ہے اور قومی اور بین الااقوامی حالات اشارے دے رہے ہیں کہ اس میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔