مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کر دی گئی

ریاض(قدرت روزنامہ) مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ڈیڑھ سال بعد سماجی فاصلے کے بغیر اور معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کر دی گئی ۔
اس موقع پر حرمین شریفین انتظامیہ نے سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں اور خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے ۔ سعودی عرب میں کورونا کی وبا قابو میں آنے کے بعد حرمین شریفین انتظامیہ نے دونوں مساجد میں مکمل گنجائش کے ساتھ نماز جمعہ کی اجازت دی ہے ۔
عرب میڈیا کے مطابق ، سعودی عرب میں عوامی مقامات پر ماسک لگانے کی پابندی ختم اور ویکسینیشن مکمل کرانے والے افراد کو حرمین شریفین میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل حرم شریف کی مکمل گنجائش کو بحال کرکے عمرہ کی سعادت کی اجازت دی گئی تھی ۔ سعودی حکومت کے مطابق کورونا کی دونوں خوراکیں لگوانے والے افراد کو ہی عمرہ کی اجازت ہے ۔