پنجاب

ملک بھر کے مختلف شہروں میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج

لاہور(قدرت روزنامہ) ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی کے خلاق اپوزیشن جماعتوں کی کال پر ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں شریک مظاہرین کی جانب سے حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت کراچی ایمپریس مارکیٹ میں سامنے احتجاجی مظاہرے کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، چمن، مہمند، زیارت اور مینگورہ میں مظاہرین نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے گئے جس دوران حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی جبکہ کوئٹہ، چمن ہائی وے پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک بھی معطل رہی۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت کراچی ایمپریس مارکیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی تیاریاں جاری ہیں جس کے باعث متعلقہ سڑکیں بند کی جا چکی ہیں۔
لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی کےخلاف جین مندرچوک پراحتجاج کیا جس میں شامل کارکنوں نے یوٹیلٹی بلز اور روٹیاں اٹھا رکھی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءرانا ثناءاللہ نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور میں جمعہ کی نماز کے بعد جین مندر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جبکہ انہوں نے مزدوروں، ٹریڈرز، وکیلوں اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی تھی۔
استور میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ (ن) استور کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ جاری ہے جس کے باعث گلگت، راولپنڈی سڑک پر ٹریفک معطل ہے۔ مسلم لیگ (ن) استور کے جنرل سیکرٹری رانا فاروق کا کہنا ہے کہ 29 اکتوبر کوضلع میں پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج کریں گے۔
چمن میں پی ڈی ایم نے میزئی اڈا میں احتجاج کیا اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر ریلی نکالی جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک معطل رہی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وادی زیارت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔
سکھر میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے گھنٹہ گھرچوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کرکے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے، نوکریوں کا اعلان کرنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں بیروزگاری عروج پر ہے۔
لاڑکانہ میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جناح باغ چوک پر احتجاج کیا گیا جبکہ جیکب آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی ہاری کمیٹی نے احتجاجی ریلی نکالی جس میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

متعلقہ خبریں