پاکستان

راولپنڈی میں کالعدم تنظیم کا متوقع لانگ مارچ، سیکیورٹی کے سخت انتظامات


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)کالعدم تنظیم کے راولپنڈی میں متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں، متعدد راستے بند ہیں، میٹرو سروس بھی معطل ہے جبکہ اسلام آباد میں پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا ہے۔راولپنڈی میں انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس جزوی طور پر بند کر دی گئی ہے، صدر سے فیض آباد میٹرو سروس بند ہوگی، جبکہ آئی جے پی روڈ سے سیکرٹریٹ تک میٹرو بس چلے گی۔
اس کے علاوہ اندرون شہر راولپنڈی کے بیشتر راستے بند کر دیئے گئے ہیں، سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے۔
پنڈی میں شاہین چوک کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہےجبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، سکستھ روڈسے فیض آباد تک کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں، ڈبل روڈ سے نائنتھ ایونیو ٹریفک کے لئے کھلا ہے
جڑواں شہروں کی صورتحال کے پیش نظر ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نائنتھ ایونیو اسلام آباد اور فیض آباد سے راولپنڈی جانے والے آئی جے پی روڈ استعمال کریں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فیض الاسلام اسٹاپ، مری روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے، اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والے اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں، ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک جناح ایونیو کو بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شہری نادرا چوک اور ایوب چوک ریڈ زون کے داخلے اور باہر نکلنے کے لیے استعمال کریں، اسلام آباد ہائی وے سے آئی جے پی روڈ تک سوہان اسٹاپ پر ٹریفک کے لیے متبادل راستہ ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاہور شہر میں بھی میٹرو بس سروس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جائے گی، اورینج لائن میٹرو ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
ملتان روڈ گرینڈ بیٹری اسٹاپ کے اطراف، اقبال ٹاؤن کے علاوہ نواں کوٹ، سمن آباد اور سبزہ زار میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے،جبکہ ملتان روڈ پر سمن آباد موڑ کے قریب اور گرڈ اسٹیشن اسٹاپ پر کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔
علامہ اقبال ٹاؤن مین بلیوارڈ پر دبئی چوک پر بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں، اہم سڑکیں بند ہونے سے شہریوں اور مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں