توقع نہیں تھی ہمارا استقبال گولیوں سے ہوگا، شبلی فراز

ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا کہ ہم پاکستانی نہیں، ہمارے پڑھے لکھے لوگوں کو دہشت گردوں کے کھاتے میں ڈال دیا گیا


پشاور(قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہماری توقع نہیں تھی کہ ہمارا استقبال گولیوں سے ہوگا، ہمارے بارہ افراد شہید ہوئے بقیہ کی تفصیلات جمع کررہے ہیں۔
پشاور میں ترجمان خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ خوش قسمتی سے ہمیں پشاور ہائی کورٹ میں انصاف مل جاتا ہے، ہماری یہ توقع نہیں تھی کہ ہمارا استقبال گولیوں سے ہوگا، ہمارے 12 افراد شہید ہوئے جب کہ دیگر کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشہور ترین سیاسی جماعت کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے، پُرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کا سبق ہمیں نہیں دیا گیا ہے، ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا جیسے ہم پاکستان کے باشندے نہیں، ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم کے پی سے ہیں، ایسے رویے سے فائندہ ان کا ہوتا ہے جو ملک کی بھلائی نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کے پُرامن شہریوں کو اپنی جان گنوانا پڑا، پاکستان کیسے ترقی کرے گا اگر اپنے شہری محفوظ نہ ہو، ہمیں دہشت گرد قرار دیا گیا پڑھے لکھے لوگوں کو دہشت گردوں کے زمرے میں ڈالا گیا اور اصل دہشت گردوں کی پہچان مٹادی۔