پی ٹی آئی کی لیڈرشپ خود عمران خان سے مخلص نہیں، شرجیل میمن

پی ٹی آئی کے لوگوں نے بات چیت سے منع کرکے موقع گنوایا، سینئر صوبائی وزیر


کراچی(قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ خود عمران خان سے مخلص نہیں ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے بھی پی ٹی آئی نے رابطے کیے تاکہ فنڈز کو روکا جاسکے۔ پی ٹی آئی کا ہر لیڈر اور رہنما الگ الگ باتیں کررہا ہے۔ جب بھی ملک میں اہم شخصیات آرہی ہوتی ہیں تو اس طرح کا ڈراما دیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو خوشی ہوتی ہے اگر پاکستان کو کوئی نقصان پہنچتا ہے۔ جہاں ان لوگوں کی حکومت تھی وہاں پی ٹی آئی نے اثر و رسوخ کا استعمال کیا۔ پی ٹی آئی کے لیڈرز عوام کو تن تنہا چھوڑ کر بھاگ گئے تھے یہ پوری دنیا نے دیکھا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گنڈا پور نے اسمبلی کے فلور پر کہا کہ وہ اب لڑیں گے۔ اگر آپ لوگوں کو ہتھیار اٹھانے ہیں تو پھر ملک کے دشمنوں کے خلاف اٹھائیں۔ یہ بیان خود ریاست سے بغاوت کا میسج ہے۔ اس سے بڑا غیر ذمے دارانہ بیان کوئی اور ہو نہیں ہوسکتا۔پی ٹی آئی نے موقع گنوایا ہے جب ان لوگوں نے بات چیت سے منع کیا۔ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ خود بانی پی ٹی آئی سے مخلص نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں کسی بھی پی ٹی آئی ورکر کو گرفتار نہیں کیا گیا کیونکہ یہاں پی ٹی آئی کے ورکرز نہیں ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج اس وقت بلند ترین سطح پر ہے۔ اس وقت ملک کی معیشت اچھی جارہی ہے۔ سندھ بھر میں 10 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے کورسز کروائے جارہے ہیں۔ اس طرح کے کام سے انٹرنیشنل لیول پر اچھا تاثر ملتا ہے۔ سندھ میں آئی ٹی کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ کراچی میں دو میگا پروجیکٹس جاری ہیں۔ ملیر ایکسپریس وے اگلے سال کھول دیا جائے گا۔ ریڈ اور یلو لائن بی آر ٹی پر بھی کام ہو رہا ہے۔