وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا، مزید سرمایہ کاری پاکستان آئے گی، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا ہے، مستقبل میں مزید سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔

اسلام آباد میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کم عرصے میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط ہوئے، پاک سعودی عرب سرمایہ کاری کے معاہدوں کے بعد بہت سارے منصوبے گراؤنڈ پر آچکے ہیں، جبکہ کچھ پر پیشرفت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کے مزید وفود پاکستان آئیں گے، وزیراعظم 6 ماہ میں 5 بار سعودی ولی عہد سے ملے، اور گزشتہ رات کو ہونے والی ملاقات تاریخی تھی۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی حکومت سرمایہ کاری سے متعلق پاکستانی اقدامات سے مطمئن ہے، پاکستان تحریک انصاف کے دور میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے اور انہوں نے معیشت پر بھی توجہ نہیں دی۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ دنیا کے لیڈر پاکستانی معیشت کی ترقی کی تعریف کرتے ہیں، اس وقت مہنگائی 4.8 فیصد پر آچکی ہے، جو حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانی قیادت کے حوالے سے بہت اچھے تاثرات رکھتے ہیں۔