’آج کل کے بچے زیادہ سمجھدار ہیں‘ وکرانت میسی کے اداکاری سے وقفے پر شتروگھن سنہا کا ردعمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے سینئر اداکار شتروگھن سنہا نے حال ہی میں وکرانت میسی کے اداکاری سے وقفہ لینے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل کے بچے زیادہ سمجھدار ہیں۔
شتروگھن نے حال ہی میں انڈین میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دور میں وہ مختلف شفٹوں کے درمیان توازن قائم رکھتے تھے اور شوٹنگ کے دوران وہ مختلف اسٹوڈیوز میں دوڑیں لگا رہے ہوتے تھے اس دوران اکثر بھول جاتے تھے کہ وہ کس فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔
اداکار نے وکرانت میسی کے فیصلے پر کہا کہ آج کل کے بچے کافی سمجھدار ہیں وہ جانتے ہیں کہ کہاں کام کو روکنا ہے اور کب اسے دوبارہ شروع کرنا ہے ان میں عدم تحفظ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وکرانت میسی نے ایک انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا، “2025 میں اپنے مداحوں سے آخری بار ملوں گا۔” اس بیان نے مداحوں میں تشویش پیدا کر دی کہ وکرانت فلم انڈسٹری کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ رہے ہیں۔
تاہم بعد میں انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’میری پوسٹ کو غلط سمجھا گیا۔ میں اداکاری چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا بلکہ اپنی ذہنی اور جسمانی صحت پر کام کرنے کے لیے بریک لے رہا ہوں‘۔
اداکار نے واضح کیا کہ وہ اداکاری نہیں چھوڑ رہے بلکہ کچھ وقت کے لیے وقفہ لے رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ کام کی زیادتی کی وجہ سے ان کی صحت متاثر ہو رہی تھی اس لیے انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔