سوٹ کیس میں بند کرکے بوائے فرینڈ کو قتل کرنے پر خاتون کو عمر قید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فلوریڈا کی ایک خاتون کو بوائے فرینڈ کو سوٹ کیس میں بند کرکے اسے دم گھٹ کر مرنے دینے پر عمر قید کی سزا سنادی گئی۔
فروری 2020 میں 47 سالہ سارہ بون نے اپنے گھر میں ’چھپن چھپائی‘ کھیلنے کے بہانے اپنے 42 سال کے بوائے فرینڈ جارج ٹوریس کو سوٹ کیس میں بند کردیا تھا جس کے باعث دم گھٹنے سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔
مقدمے کی سماعت کے دوران سارہ بون اس بات پر مصر رہی کہ وہ ٹوریس کے ہاتھوں کئی برسوں سے مارپیٹ کا نشانہ بنتی چلی آرہی تھی لہٰذا اسے معاف کردیا جائے۔
ابتدا میں استغاثہ نے سارہ کو پیشکش کی تھی کہ اگر وہ قتل قبول کرلے تو اسے 15 سال کی سزا سنادی جائے گی لیکن خاتون نے وہ پیشکش ٹھکرادی تھی۔
سارہ نے عدالت میں کہا کہ میں ایک عفریت سے پیار کرنے کے لیے اپنے آپ کو معاف کرتی ہوں، میں نے بیحد کوشش کی لیکن اس سے محبت کرنا نہ چھوڑ سکی، میرا میرا یہ مطلب نہیں تھا کہ وہ مر جائے، مجھے معاف کر دو جارج، مجھے معاف کردو جارج کے خاندان والو۔
وہ جیل میں سڑنے کے ہی لائق ہے‘
پولیس کو اس کے فون پر ویڈیوز ملنے کے بعد اس پر دوسرے درجے کے قتل کا الزام لگایا گیا جس میں جارج کو سوٹ کیس کے اندر سے چیختے ہوئے سنا گیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق سارہ نے اسے بیس بال کے بلے سے بھی مارا تھا۔
اس حوالے سے جارج کی بہن نے کہا کہ ’سارہ نے انہیں زندگی بھر کا دکھ دیا ہے اور وہ جیل میں سڑنے کی ہی مستحق ہے‘۔
فروری 2020 میں پکڑے جانے کے بعد خاتون نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بتایا تھا کہ ان لوگوں نے شراب پی تھی اور ’چھپن چھپائی‘ کھیلتے رہے پھر وہ سوگئیں۔ حالاں کہ ان کی فون پر ریکارڈ ہونے والی ایک ویڈیو کچھ اور ہی کہانی بیان کرتی ہے۔
اس میں انہیں ہنستے ہوئے سنا گیا اور اس وقت بوائے فرینڈ سوٹ کیس کے اندر سے چیخیں مارتا رہا اور اس سے باہر نکلنے کی ناکام کوشش کرتا رہا لیکن باہر سے لگی زپ اور لاکس وغیرہ کی وجہ سے وہ اس کے لیے ممکن نہیں تھا۔ خاتون سماعتوں کے دوران اپنے وکلا سے بھی لڑتی رہیں اور کئی وکیل تبدیل بھی کیے۔