اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)27 گھنٹے کے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر بغیرآرام کیے وزیراعظم شہباز شریف ایف بی آر کے جائزہ اجلاس میں پہنچ گئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شوگر انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹکس کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو بریف کیا گیا کہ چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل انوائسنگ کیلئے موبائل فون ایپلی کیشن اس مہینے کے آخر تک سامنے آجائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کا کام 31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کے علاوہ سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹکس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، ریاض میں ون واٹرسربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری سے متعلق تعلقات کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔
اپنے دور ہ سعودی عرب کے موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبی ذخائر کو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدامات کرنا ہوں گے،پانی ہمارے سیارے کی لائف لائن ہے، معیشت اور فوڈ سکیورٹی کا اہم ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے یہ چیلنجز نئے نہیں، ہم 2022کے سیلاب کے بعد سے اس سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف نے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔