کراچی ایئرپورٹ دھماکا: دہشتگرد کیسے اور کہاں چھپے رہے، ہوشربا انکشافات سامنے آگئے
کراچی (قدرت روزنامہ)قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب چینی قافلے پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا پتا لگا لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، دہشتگردوں نے خودکش حملے کی تیاری کراچی میں پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود میں پرانی سبزی منڈی کے ایک فلیٹ میں کی۔
رپورٹس کے مطابق، دہشتگردوں نے پرانی سبزی منڈی میں 8 ماہ قبل فلیٹ کرائے پر لیا تھا جہاں وہ اسٹوڈنٹ بن کر رہ رہے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے اس ٹھکانے کو سیل کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیکر بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فلیٹ سے ائیر پورٹ کا نقشہ، ڈی این اے سیمپلز، دھماکا خیزمواد کے ذرات، کپڑے اور بال ملے ہیں، تمام نمونے ڈی این اے کے لیے محفوظ کرلیے گئے ہیں۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ دھماکے میں ملوث گرفتار ملزمہ 2 مرتبہ اس فلیٹ پر آئی تھی، دہشتگردوں نے 12 ہزار روپے میں 2 کمروں کا فلیٹ کرائے پر لیا تھا جبکہ مرکزی سہولت کار 8 ماہ سے اس فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ جس گاڑی کو خودکش دھماکے میں تباہ کیا گیا اس میں بارود بلوچستان سے ہی بھر کر لایا گیا تھا، تاہم دھماکے کے لیے سرکٹ اور اگنیشن سسٹم کراچی میں موجود تھا۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ سبزی منڈی میں واقع اس فلیٹ سے ائیرپورٹ اور دیگرمقامات کی ریکی کی جاتی رہی۔ گرفتار ملزم اور ملزمہ سے اس بارے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے، اب تک جے آئی ٹی کے دو سیشن ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو کراچی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ سی ٹی ڈی نے دھماکے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون اور بینک عملے سمیت کئی سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا۔