چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئے


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا اجلاس آج ہونے کا امکان ہے اور محسن نقوی کی آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیا فارمولا تجویز کیا تھا۔ اس فارمولے کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے فکسچر سمیت پاکستان اور بھارت کے میچز اگلے تین سال تک نیوٹرل مقامات پر ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اگر آئی سی سی بورڈ کا اجلاس آج ہوا تو پی سی بی کی تجویز پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔اتفاق رائے ہوا تو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان جلد کرے گا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں کھیلنے سے انکار کی روشنی میں پاک بھارت ٹاکرا دبئی میں ہونے کا امکان ہے۔
دبئی روانگی سے قبل نقوی نے تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے عمل کا معائنہ کرنے کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران، محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئن شپ کے پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں رفتار برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کے کام کرنے کی ہدایت کی۔اپ گریڈیشن پلان کے مطابق مرکزی ڈھانچے کے سامنے ایک نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔
نئی عمارت چار منزلوں پر مشتمل ہوگی جس میں وی آئی پی، گیلری اور میڈیا بکس کے لیے دیواریں ہوں گی۔ اسٹیڈیم کے کھمبوں پر ایل ڈی اے کی نئی لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار منفرد لیزر لائٹ شو سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔ تماشائیوں کی سہولت کے لیے انہوں نے ہدایت کی کہ پارکنگ ایریا کو اسٹیڈیم کے قریب منتقل کیا جائے۔
ان کی ہدایت کے تحت اب دونوں سکور بورڈز زیادہ بلندی پر نصب کیے جائیں گے۔ یہ ایڈجسٹمنٹ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تماشائیوں کو میچ کا بلاتعطل نظارہ ملے۔