عمران خان امریکہ کیلئے خطرہ، ٹرمپ بانی پی ٹی آئی سے دور رہیں، ماہرین کا نئے صدر کو مشورہ

نیویارک(قدرت روزنامہ) معروف امریکی اخبار واشنگٹن ایگزمینر میں شائع مضمون میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پاکستانی سیاستدان ،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سیاست سے دور رہیں۔ بانی پی ٹی آئی امریکی مفادات کیلئے خطرہ ہیں ان کی سیاست امریکی مفادات سے ٹکراو کا باعث ہے۔

مضمون کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی امریکہ دشمنی پر مبنی ہے، اور انہوں نے اپنے سیاسی مفادات کیلئے امریکہ مخالف مہم چلائی جس سے وہ عوام میں مقبول ہوئے۔مضمون نگار کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سےعمران خان کی شخصیت پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔

طالبان کی حمایت، اسامہ بن لادن کے حوالے سے ان کا نقطہ نظر امریکا کی حمایت کے عین مخالف ہے۔مضمون میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ایک متنازعہ شخصیت ہیں، اور امریکی حکومت کسی نئے تنازعے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

پاکستان اور امریکا کے تعلقات ہمیشہ دیرپا امن کی ضمانت رہے ہیں، اور امریکی حکومت کی بہتری بانی پی ٹی آئی سے دوری میں ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، اور بانی پی ٹی آئی کی حمایت سے دو طرفہ تعلقات میں رخنے پڑ سکتے ہیں۔آخر میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے، جس کا امریکا کے ساتھ تعلقات پر اثر پڑ سکتا ہے۔