ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون کب متعارف کرایا جائے گا؟اہم خبر

واشنگٹن (قدرت روزنامہ)ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2026 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اب تک متعدد کمپنیوں نے فولڈ ایبل فون تیار کیے ہیں مگر ایپل نے ایسا کوئی آئی فون تیار نہیں کیا۔اب ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2026 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ڈی ایس سی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بک اسٹائل کا ہوگا یعنی آپ ڈسپلے کو کسی کتاب کی طرح کھول یا بند کرسکیں گے۔

اس سے قبل خبریں آرہی تھیں کہ ایپل کی جانب سے فلپ انداز کے فولڈ ایبل آئی فون کو متعارف کرایا جائے گا، تاہم اس رپورٹ کے مطابق اس کا ڈیزائن مختلف ہوگا۔

یہ فولڈ ایبل آئی فون بڑا ہوگا کیونکہ کمپنی کا خیال ہے کہ صارفین بڑے ڈسپلے والے فولڈ ایبل فونز کو پسند کرتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلا فولڈ ایبل آئی فون 7.9 سے 8.3 انچ بڑا ہوسکتا ہے۔یہ فولڈ ایبل آئی فون لچکدار او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا اور ہزاروں بار کھولنے بند کرنے سے بھی اسے نقصان نہیں پہنچے گا۔

اس کے اندر نیا طاقتور پراسیسر ہوگا جبکہ کیمرا سسٹم بھی بہترین ہوگا۔

یہ بات واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے کسی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلد بازی نہیں کی جاتی اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔ ابھی فولڈ ایبل فونز تیار تو ہو رہے ہیں مگر ان میں کافی مسائل سامنے آرہے ہیں۔