برف پگھلنے لگی، آئی سی سی ہائبرڈ ماڈل سے متعلق پاکستانی تجویز ماننے کے قریب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے تعطل میں ایک ممکنہ پیشرفت سامنے آئی ہے کیوں کہ آئی سی سی اور پی سی بی نے سنہ 2027 تک پاکستان یا بھارت میں منعقد ہونے والے عالمی ٹورنامنٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو اپنانے کے لیے ایک معاہدے پر اصولی اتفاق کرلیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس کسی تیسرے ملک میں کھیلنے کی اجازت دے گا۔
اگرچہ معاہدے کی تصدیق مختلف ذرائع سے کی گئی ہے لیکن 2025 چیمپئنز ٹرافی کے باضابطہ میزبان پی سی بی نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور ابھی صرف اتنا کہا ہے کہ اس پر بات چیت ہو رہی ہے۔
یہ ابھی تک معلوم نہیں ہے کہ آیا ہائبرڈ ماڈل مردوں اور خواتین کے دونوں ٹورنامنٹس پر لاگو ہوگا۔ آئی سی سی کے 3 عالمی ایونٹس پاکستان یا بھارت میں ہوں گے۔ اگلے فروری میں چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، سنہ 2025 کے آخر میں بھارت میں خواتین کا ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا مردوں کا T20 ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہوگا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جمعرات کو آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ اور پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے بعد پیش رفت سامنے آئی۔ ان کی ملاقات دبئی میں بورڈ میٹنگ کے موقعے پر ہوئی۔
چیمپیئنز ٹرافی پر بحث کے لیے بورڈ کا اجلاس 7 دسمبر کو شیڈول کیا گیا ہے۔
خیال ہے کہ کہ 8 ٹیموں پر مشتمل چیمپئنز ٹرافی کے لیے پی سی بی کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنا کچھ شرائط پر منحصر ہوگا۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ ایک ہائبرڈ ماڈل تمام آئی سی سی ایونٹس بشمول ویمنز ٹورنامنٹس کے لیے لاگو ہونا چاہیے جن کی میزبانی ہندوستان اور پاکستان میں کم از کم سنہ 2027 تک ہو۔
اگر ہندوستان کو ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانی ہے تو کم از کم ایک سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر فائنل پاکستان سے باہر کھیلے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کے امکانات ہیں۔
پی سی بی نے بھارت، پاکستان اور کسی دوسرے ملک پر مشتمل سہ ملکی سیریز کا اہتمام کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ بھارت اور پاکستان کے میچز کہیں اور کھیلے جانے کی وجہ سے کسی بھی بورڈ کو ہونے والے مالی نقصان کو پورا کیا جا سکے۔
دونوں بورڈز اور آئی سی سی کے درمیان اس معاملے پر مزید آگے پیچھے ہونے کا امکان ہے، حتمی فیصلہ 7 دسمبر کو بورڈ کے اجلاس میں ہونے کا امکان ہے۔
پی سی بی کا 19 فروری کو چیمپئنز ٹرافی شروع کرنے کا ارادہ ہے جس میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میزبان شہر ہوں گے لیکن پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان تعطل کی وجہ سے بی سی سی آئی نے گزشتہ ماہ آئی سی سی کو بتایا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتی کیونکہ اس کے پاس ہندوستانی حکومت کی منظوری نہیں۔ آئی سی سی اس کے لیے شیڈول جاری کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔