پشپا2 ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی آن لائن لیک کیسے ہوئی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار الوارجن کی فلم پشپا 2 ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی آن لائن لیک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پشا 2 کو ریلیز کے روز ہی آن لائن لیک کرنے کے حوالے سے بدنام غیرقانونی ویب سائٹس ’تمل روکرز‘، ٹیلیگرام اور دیگر نے چند گھنٹوں بعد آن لائن کر دیا، فلم کا ورژن اب آن لائن بھی دستیاب ہے جہاں سے اسے ڈاؤن لوڈ کر کے دیکھا جا سکتاہے۔
بھارت کے سپر اسٹار الوارجن، فہد فاصل، اور رشمیکا مندنا کی فلم پشپا 2 بالآخر آج 5 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہو گئی ہے۔ یہ فلم گزشتہ 3 سالوں سے سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی ہندوستانی فلم رہی ہے کیونکہ شائقین نے اس فلم کا پہلا حصہ بہت پسند کیاتھا۔
الوارجن کی فلم ’پشپا 2‘ نے ریلیز سے قبل ہی کئی ریکارڈ توڑ دیےتھے اور بالی ووڈ کی کئی فلموں کا پچھاڑ دیاتھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پشپا2 نے ریلیز سے قبل ایڈوانس میں کروڑوں بھارتی روپے کمائےہیں اور صرف 12 گھنٹوں میں فلم کے 3 لاکھ ٹکٹس فروخت ہوئے جس نے شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے ایک دن میں 2 لاکھ ٹکٹس فروخت ہوئے تھے۔ تاہم فلم کے لیے ایک بری خبر یہ ہےکہ فلم کی ریلیز کے چند گھنٹےبعد ہی یہ کئی آن لائن پلیٹ فارمز پر لیک ہو چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم کی مقبولیت کے باعث ممبئی اور دہلی کے بڑے سنیما گھروں میں ٹکٹ کی قیمتیں 2500 بھارتی روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ پشپا فلم سال 2021 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندوستانی فلم ہے۔ جس نے ہندوستان میں 270 کروڑ روپے اور دنیابھرمیں 350 کروڑ روپےکمائے۔ الو ارجن نے اپنی لاجواب اداکاری کےلیے نیشنل فلم ایوارڈ جیتاتھا۔