عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کا بائیکاٹ کیوں کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 190ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کا بائیکاٹ کردیا، انہوں نے کہا کہ میڈیا موجود نہیں اس لیے سماعت کا بائیکاٹ کرتا ہوں۔
احتساب عدالت کے جج نے اڈیالہ جیل میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے 342کے بیانات آج بھی ریکارڈ نہیں ہوسکے۔
اس دوران عمران خان نے میڈیا کی عدم موجودگی پر سماعت کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ کمرہ بھی چھوٹا ہے باقی لوگ بھی یہاں موجود نہیں ہیں، تو میں سماعت کا بائیکاٹ کرتا ہوں۔
عمران خان کے بائیکاٹ کے بعد سماعت بغیر کاروائی کل 6دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں، جس پر جج نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔
واضح رہے توشہ خان ٹو کیس کی بھی آج سماعت ہوئی جس میں راولپنڈی سینٹرل جج شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی توشہ خانہ ٹو کیس ضمانت منسوخی کی ایف آئی اے کی درخواست پر بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرکے آئندہ ہفتے ان سے جواب طلب کیا۔