دلہا کو نواز شریف و مریم نواز کی تصاویر والا ہار پہنے دیکھ کر دلہن نے کیا کہا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شادی کا دن لوگوں کے لیے اہم ترین ہوتا ہے اور اس موقعے پر وہ سب کی توجہ کا بھی مرکز ہوتے ہیں ایسے میں سیاسی پارٹیوں کے کچھ متوالے اس خاص موقعے پر اپنی جماعت سے محبت کا اظہار کرنا بھی ضروری سمجھتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ حال ہی میں ہونے والی ایک شادی پر بھی دیکھا گیا جب پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک پرستار دلہا پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی و وزیراعلیٰ پنجاب بی بی مریم نواز کی تصاویر سے اپنے گلے کے ہار کو مزین کرکے بارات لے کر دلہن لینے پہنچ گئے۔
اس موقعے پر میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے دلہا محمد اجمل کا کہنا تھا کہ انہیں میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز سے بہت محبت ہے اس وجہ سے وہ ان کی تصاویر والا ہار پہن کر دلہن لینے پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بہت عمدہ کام کر رہی ہیں اور میرا شادی کے موقعے پر اس اقدام کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ ملک کے نوجوان مریم نواز و ن لیگ کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں اور انہیں سپورٹ کرتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کی دلہن نے اس طرح ہار میں تصاویر لگانے پر کوئی اعتراض تو نہیں کیا تو انہوں نے کہا کہ ان کی دلہن بھی ن لیگ اور مریم نواز کی بہت بڑی پرستار ہیں اور وہ ان کے اس اقدام کو دیکھ کر بہت خوش ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دلہن خود مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ کارکردگی پر بیحد خوش ہیں اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ نے بہت اچھا کیا کہ اس موقعے پر یہ ہار پہنا۔
لیہ کے رہائشی دلہا کا کہنا تھا کہ ان کے سسرال والے بھی ہار دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مریم نواز سے ان کی ملاقات ہو۔ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی تصاویر کا ہار پہنے مذکورہ دلہے کی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی۔