لندن میں قاضی فائزعیسیٰ پر حملہ کیس کیوں بند ہوا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لندن پولیس نے پاکستان کے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر ہوئے مبینہ حملے کا کیس تیکنیکی بنیاد پر بند کر دیا۔
لندن پولیس کی جانب سے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر ہوئے مبینہ حملے سے متعلق جاری انکوائری محض اس بنیاد پر بند کر دی گئی ہے کہ پولیس کو کسی کے زخمی ہونے یا کسی بھی نوعیت کے نقصان کا ثبوت نہیں ملا۔
سٹی آف لندن پولیس پاکستانی ہائی کمیشن کی شکایت درج کیس میں مزید تحقیق و تفتیش جاری رکھنے کے انکار کے ساتھ واضح کیا ہے پولیس کسی کے زخمی نہ ہونے کے سبب کسی شخص پر فرد جرم عائد نہیں کرسکی۔
واضح رہے کہ لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر ہوئے حملے کیخلاف پاکستان ہائی کمیشن نے واقعہ سے متعلق دستیاب شواہد پولیس کو فراہم کیے تھے۔
پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے اس معاملے میں پیشرفت کا آغاز پاکستانی دفتر خارجہ کی ہدایت پر ہوئی تھی، علاوہ ازیں وزرات خارجہ نے ہائی کمیشن کو اس حوالے سے ویڈیو کا جائزہ لے کر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ اس حملے میں ملوث مبینہ 23 پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ اور نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے گئے تھے۔