ب فارم کی شرط طلبا کے ساتھ سنگین ظلم اور انکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ایچ ڈی پی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں صوبائی وزیر تعلیم کے احکامات کے بعد بورڈ امتحانات کی رجسٹریشن کیلئے طالب علموں کے لئے ب فارم کی شرط کو صوبے کے ہزاروں طلبا کے ساتھ سنگین ظلم اور انکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے محکمہ تعلیم سے ب فارم کی شرط فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل بورڈ امتحانات میں ایسے طلبا کو امتحان دینے کی اجازت دی جاتی تھی جنکا پیدائشی سرٹیفکیٹ موجود ہوتا انھیں برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر امتحان دینے کے حقوق دئیے جاتے مگر جب سے موجودہ جعلی حکومت اور فارم 47 کی اسمبلی وجود میں آئی ہے یوں لگتا ہے کہ صوبے پر انکی صورت میں عذاب الہی نازل ہوئی ہو یہ مسلط لوگ روزانہ ایک نئے حکم کی صورت میں عجیب و غریب اقدامات کررہے ہیں بیان میں کہا گیا کہ ہزاروں طالبعلم ایسے ہیں جنکے سرپرست کسی مجبوری، محنت مزدوری کی غرض سے ملک سے باہر گئے ہونگے اسی طرح صوبے کے دور دراز و پسماندہ علاقوں کے ہزاروں طلبا کے والدین ناآگہی کی وجہ سے ب فارم نہیں بنا سکے ہونگے اب ایسے طلبا کیلئے ب فارم کی شرط کہاں کا انصاف ہے اس شرط کی وجہ سے ہزاروں طلبا و طالبات کا تعلیمی مستقبل داو پر لگ گیا ہے بیان میں کہا گیا کہ ضروری ہے کہ تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنانے اور شرح تعلیم میں اضافے کیلئے تعلیم کے حصول کو تمام قید و بند اور شرائط و ضوابط سے آزاد کرکے ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے کے حق کو یقینی بنایا جائے بیان میں ب فارم کی شرط کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔