پاکستان میں پہلی بار ہندو پولیس آفیسر کی تعیناتی، نوجوان روپ متی بھی منزل پانے کو تیار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہندو پولیس افسر (پی ایس پی) کی تعیناتی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی ایس پی افسر راجیندر مہیگوار کو فیصل آباد پولیس گلبرگ سرکل میں بطور اے ایس پی میں تعینات کیا گیا ہے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
نوجوان پولیس افسر راجیندر مہیگوار کا تعلق سندھ کے پسماندہ ترین ضلع بدین سے ہے۔ راجیندر نے سی ایس ایس امتحانات میں کامیابی کے بعد پولیس گروپ میں شمولیت اختیار کی۔
راجیندر مہیگوار نے اپنی تعیناتی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا عوام کی خدمت کا خواب حقیقت بن گیا ہے، پولیس ڈیپارٹمنٹ میں رہ کر ہم عوام کے وہ مسئلے حل کرسکتے ہیں جو باقی محکموں میں رہ کر نہیں کر سکتے۔
پنجاب پولیس میں پہلی مرتبہ ہندو نوجوان کی بطور اے ایس پی تعیناتی پر پولیس حکام بھی پرامید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ راجیندر امن و امان کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے، یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے پاس ایک ہندو افسر ہے۔
دوسری جانب، رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی ہندو نوجوان خاتون روپ متی بھی سی ایس ایس امتحانات میں کامیاب ہوگئی ہیں۔ روپ متی نے وزارت خارجہ میں کام کرنے کا کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وہ پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنا چاہتی ہیں۔