پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کے لیے مفت سولر پینل اسکیم کا افتتاح

ایک سال میں ایک لاکھ سسٹم لگائے جائیں گے، صارفین ایس ایم ایس یاآن لائن پورٹل پر گھر بیٹھے اپلائی کرسکتے ہیں


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کے لیے مفت سولر پینل اسکیم کا افتتاح کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا، جس کے تحت صوبے کے صارفین آج ہی سے ایس ایم ایس یاآن لائن پورٹل پر گھر بیٹھے اپلائی کرسکتے ہیں ۔
اسکیم کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فری سولر پینل اسکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف دینا ہے۔ فی یونٹ 14روپے سبسڈی سے پنجاب کے 73لاکھ صارفین مستفید ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے وسائل عوام کی سہولت اور ریلیف کے لیے ہی خرچ ہوں گے۔
صوبائی سیکرٹری انرجی نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے۔ صوبے میں ماہانہ 200 یونٹ تک صرف کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 100یونٹ ماہانہ صرف کرنے والے 52019صارفین کو 550واٹ کا مفت سولر سسٹم دیاجائے گا جب کہ 200یونٹ تک ماہانہ بجلی صرف کرنے والے صارفین کو 1100واٹ کا سولر سسٹم مفت دیاجائے گا۔
پنجاب میں ایک لاکھ سولر سسٹم انسٹال کرنے سے 57ہزار ٹن کاربن کااخراج کم ہوگا ۔ فری سولرپینل اسکیم سے وفاقی حکومت پر بھی سبسڈی کا بوجھ کم ہوگا۔